اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، وندے ماترم کی 150ویں سالگرہ پر بھارتی پارلیمنٹ میں بحث ہوئی ہے۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے لوک سبھا میں اس بحث کا آغاز کیا۔ پی ایم مودی نے اس دوران وندے ماترم کے 150 سالہ تاریخ کا ذکر کرتے ہوئے ملک میں لگے ایمرجنسی کی یاد دلائی۔ اسی دوران لوک سبھا میں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اور رکنِ پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے بھی زوردار انداز میں اپنی بات رکھی۔
پارلیمنٹ میں بحث کے دوران اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسدالدین اویسی نے حکومت پر جم کر نشانہ سادھا ۔ اویسی نے ایوان میں کہا کہ یہ وطن میرا ہے، ہم اسے چھوڑ کر کہیں نہیں جائیں گے۔ ‘بھارت ماتا’ کے نعرے پر اپنا اعتراض درج کراتے ہوئے اویسی نے دلیل دی کہ اگر ہم بھارت ماتا کو ایک دیوی کے طور پر مخاطب کر رہے ہیں تو ہم اس میں مذہب کو شامل کر رہے ہیں۔
اسد الدین اویسی نے کہا کہ آئین میں ملک کے تئیں وفاداری کی بات ہے، کسی دیوی کی پوجا کی نہیں۔ حکومت کو گھیرتے ہوئے انہوں نے صاف کہا کہ مسلمانوں سے بار بار “وفاداری کا سرٹیفکیٹ” مانگنا بند کیا جائے۔
اویسی نے کہا کہ انہوں نے اپنی مرضی سے ہندوستان کو اپنا ملک چنا ہے، وہ یہاں جئیں گے اور یہیں مریں گے، مگر اپنی حب الوطنی ثابت کرنے کے لیے کسی کے دباؤ میں نہیں آئیں گے۔ ان کا یہ بیان اب سیاسی حلقوں میں موضوعِ بحث بنا ہوا ہے۔
آپ کا تبصرہ